برطانیہ میں موبائل فون چوریوں کے خلاف کارروائی، سینکڑوں فون برآمد

mobile snatching London mobile snatching London

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

برطانیہ میں موبائل فون چوریوں کے خلاف میٹرو پولیٹن پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شمالی لندن کے علاقے Kilburn High Road میں ایک کنوینئنس اسٹور پر چھاپہ مار کر 500 سے زائد مسروقہ موبائل فون برآمد کر لیے اور چار افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد پر چوری شدہ سامان خریدنے، منشیات رکھنے اور اس کی فراہمی کے شبہات ہیں۔ گرفتار کیے گئے افراد کی عمریں 22، 25، 34 اور 63 برس بتائی گئی ہیں، تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل فون چوریوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس میں بغیر پائلٹ فضائی آلات اور تیز رفتار برقی موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں لندن میں گزشتہ سال موبائل فون سے متعلق جرائم میں تقریباً 10 ہزار کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برینٹ میں پولیس کے انسپکٹر یو ژانگ نے کہا کہ موبائل فون چھیننے کی وارداتیں شہریوں کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں اور ان میں کمی کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے آغاز میں موبائل فون جرائم کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن کے دوران 248 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 770 مسروقہ موبائل فون برآمد کیے گئے۔