اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

حسن علی نے ’’کنگ کر لے گا‘‘ کمنٹ پر معذرت کیوں کی؟

حسن علی نے ’’کنگ کر لے گا‘‘ کمنٹ پر معذرت کیوں کی؟

   کراچی: (صدائے روس)

 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے حال ہی میں اپنے متنازعہ تبصرے ’’کنگ کر لے گا‘‘ پر وضاحت دیتے ہوئے معذرت کر لی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ اگر ان کے کمنٹ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے، خاص طور پر بابر اعظم یا ان کے مداحوں کو برا لگا ہو، تو وہ دل سے معذرت چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد کسی کی دل شکنی یا مذاق اُڑانا نہیں تھا۔

“اگر میرے کہنے سے کہ ‘کنگ نہیں کرے گا’ کے بعد بابر اعظم اسکور کرنے لگیں تو میں روز کہہ دیا کروں گا۔ ہمارا بابر سے دل کا رشتہ ہے، وہ ہمارے بھائی ہیں۔ ہم نے انہیں خود ‘کنگ’ کہا ہے اور آج بھی انہیں کنگ سمجھتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر بات کو منفی انداز میں لیا جاتا ہے، حالانکہ کرکٹرز کے درمیان ہلکی پھلکی نوک جھونک کھیل کا حصہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کسی ایک جملے پر بدمزہ ہو جاتے ہیں جبکہ ان جملوں میں کئی بار محبت چھپی ہوتی ہے۔

“ہماری قوم کا مسئلہ یہ ہے کہ کسی کے بھی پیچھے پڑ جاتے ہیں۔ تھوڑا برداشت اور مزاح کی گنجائش رکھنی چاہیے۔ بابر اعظم نہ صرف بہترین کھلاڑی ہیں بلکہ ہم سب کا فخر ہیں، وہ جلد زبردست پرفارمنس سے واپس آئیں گے۔”

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے دوران حسن علی نے ایک طنزیہ تبصرہ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا: ’’کنگ نہیں کرے گا‘‘۔ اس جملے کو سوشل میڈیا پر بابر اعظم کے خلاف طنز کے طور پر لیا گیا، جس پر کرکٹ فینز کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئیں۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیم کے اندر دوستی اور ہنسی مذاق کا ماحول ہمیشہ مثبت ہوتا ہے، بشرطیکہ وہ حد سے نہ بڑھے۔ حسن علی کی جانب سے معذرت ایک اچھے سپورٹس مین کی نشانی ہے اور اس سے ان کی شخصیت کا مثبت پہلو سامنے آتا ہے۔

حسن علی کی یہ وضاحت اور معذرت بابر اعظم کے مداحوں کے لیے ایک اچھا اشارہ ہے کہ قومی کرکٹرز کے درمیان بھائی چارے اور باہمی احترام کا جذبہ اب بھی زندہ ہے۔

Share it :
Translate »