روسی ڈرون نے طویل فاصلے سے یوکرین کے لڑاکا طیارے کو نشانہ بنایا
ماسکو (صداۓ روس)
مینوفیکچرر کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ روس نے اپنے ‘لینسیٹ’ کمکازے ڈرون کو 80 کلومیٹر سے زیادہ دور کے اہداف تک پہنچنے کے لیے اپ گریڈ کیا ہے۔ پچھلے ہفتے شیئر کی گئی ویڈیو فوٹیج اس اپ گریڈ کی تصدیق کرتی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لینسیٹ ڈرون کی ناک پر لگے کیمرے کے ساتھ یوکرین کے ایک مگ-٢٩ کو ائیر بیس پرکھڑے ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ منگل سے آن لائن گردش کرنے والی اس ویڈیو میں ڈرون کو اونچائی سے کریوائے روگ کے قریب ایک فوجی ہوائی اڈے کی طرف اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوویت دور کے ایک مگ-٢٩ کا تعقب کرتے ہوئے، روسی ڈرون تیزی سے اس کے قریب آتا ہے اور براہ راست طیارے کے کاک پٹ پر نشانہ لگاتے ہوئے اسے تباہ کر دیتا ہے.
قریب ہی منڈلاتے ہوئے ایک دوسرے ڈرون نے حملے کے اس لمحے کو فلمایا۔ جیٹ کے دھویں اور آگ کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے یہ واضح نہیں ہے کہ دھماکے کے بعد یوکرینی لڑکا طیارہ مرمت کے قابل رہا ہے یا نہیں۔