پاکستان مکمل طور پر آزادانہ اور منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنائے، اقوام متحدہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
پاکستان میں جمعرات کے پارلیمانی انتخابات سے پہلے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق، وولکر ترک نے پاکستانی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل طور پر آزادانہ اور منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنائیں۔ اور جمہوری عمل کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ جنیوا میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی ترجمان لِز تھروسل نے زور دیا کہ مکمل طور پر آزادانہ اور منصفانہ عمل کو یقینی بنایا جائے.
الزبیتھ تھروسیل نے کہا کہ اقوام متحدہ کے حقوق کا ادارہ خان کی پارٹی اور اس کے حامیوں کو “ہراساں کیے جانے، گرفتاریوں اور رہنماؤں کی طویل حراستوں کے ’پیٹرن سے” پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اہل جماعتوں کو منصفانہ طور پر مقابلے میں شرکت کے قابل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ آنے والے انتخابات “پاکستان میں خواتین اور اقلیتی برادریوں بالخصوص احمدیوں کو درپیش رکاوٹوں کی یاددہانی بھی ہیں۔”
پاکستان نے ١٩٧٤ میں احمدیوں کو غیر مسلم قرار دیا تھا۔ حالیہ مہینوں میں، انتہا پسند مسلمانوں نے ان کی عبادت گاہوں اور یہاں تک کہ قبرستانوں پر بھی حملے کیے۔ احمدی کمیونٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ حملے پولیس کی موجودگی میں ہوئے۔
تھروسل نے کچھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے خواتین کی نمائندگی کے قانونی کوٹے کو پورا نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ پاکستان کی پارلیمنٹ میں خواتین کے لیے ٢٢ فیصد نشستیں مخصوص ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقلیتوں کے لیے علیحدہ ووٹر لسٹ کی وجہ سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔