راولپنڈی( صدائے روس) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 9 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی اداروں کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی روشنی میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور ضلع خیبر کے علاقہ باغ میں یکے بعد دیگرے تین الگ الگ آپریشنز کئے گئے۔
فوجی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر کامیاب کارروائی میں 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک شدہ دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح ٹانک کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں 2 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
ضلع خیبر کے علاقہ باغ میں کئے گئے تیسرے آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے 3 دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں سمیت تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ہلاک شدہ تمام دہشت گرد ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے پاس ٹھوس ثبوت موجود تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کئے گئے آپریشنز میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔