ہنگری نے یوکرین کو ڈیزل ایندھن کی فراہمی معطل کر دی

Peter Szijjarto Peter Szijjarto

ہنگری نے یوکرین کو ڈیزل ایندھن کی فراہمی معطل کر دی

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیارتو نے کابینہ اجلاس کے بعد اعلان کیا ہے کہ یوکرین کو ڈیزل ایندھن کی ترسیل روک دی گئی ہے۔ سرکاری ٹی وی ایم ون پر نشر ہونے والے بیان میں وزیر نے کہا کہ یہ فیصلہ اُس وقت تک برقرار رہے گا جب تک کیف حکومت دروژبا آئل پائپ لائن کے ذریعے ہنگری کی سمت روسی تیل کی ترسیل بحال نہیں کرتی۔ پیٹر سیارتو کے مطابق ہنگری اب تک یوکرین کو ڈیزل ایندھن، گیس اور بجلی کی “نمایاں مقدار” فراہم کرتا رہا ہے اور اس تناظر میں ہنگری کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ توانائی کی یہ سپلائیز خطے میں استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

ہنگری کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 27 جنوری سے روسی تیل ہنگری نہیں پہنچ رہا۔ بوڈاپیسٹ حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جانب سے ترسیل کی عدم بحالی کی وجوہات سیاسی نوعیت کی معلوم ہوتی ہیں۔ ہنگری نے واضح کیا ہے کہ ڈیزل ایندھن کی فراہمی کی بحالی کو دروژبا پائپ لائن کے ذریعے تیل کی ترسیل سے مشروط کیا گیا ہے۔

Advertisement