پیٹرول مہنگائی کے بعد ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں بڑا اضافہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فوری بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی بسوں، کوچز اور دیگر ٹرانسپورٹ سروسز کے کرائے میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی مختلف روٹس پر کرائے بڑھا دیے ہیں۔ اسلام آباد سے لاہور کے کرائے میں 230 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد سے کراچی کے کرائے میں یکمشت 600 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد اسلام آباد سے مظفر آباد کا کرایہ 100 روپے بڑھ کر 850 روپے ہو گیا ہے جبکہ اسلام آباد سے فیصل آباد کا کرایہ 1400 روپے سے بڑھا کر 1650 روپے کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ مسافروں پر براہ راست بوجھ ڈال رہا ہے اور عوام میں ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی وجہ سے کرائے بڑھانا ناگزیر ہو گیا تھا۔