لاہور (صداۓ روس)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر فاسٹ باؤلر نسیم شاہ پر دو کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا۔ بورڈ کے مطابق نسیم شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ اور سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی تھی۔ بورڈ نے 27 مارچ 2026 کو نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا تھا۔ 30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے کے بعد ذاتی سماعت کی۔ کمیٹی نے نسیم شاہ کی غیر مشروط معافی کو نوٹ کیا، تاہم معاہدے کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ان پر 2 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ پی سی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی فارغ کر دیا ہے اور بورڈ نے اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کر دیا ہے تاکہ وہ مستقبل میں کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کر سکے۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ ادارہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔