اسلام آباد (صداۓ روس)
پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری محکموں کے لیے پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اعلان کیا کہ اب سرکاری اداروں میں صرف ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیاں ہی خریدی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر عالمی حالات، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال برقرار رہی تو حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیول کے استعمال میں کمی لانے کی کوشش کی ہے، مگر عوامی سطح پر خاطر خواہ نتائج نہیں نکلے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہر ہفتے 7 سے 10 فیصد تک فیول کے استعمال میں اضافے کا سامنا کر رہا ہے۔ اگر یہ رجحان جاری رہا تو پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اپنی 81 فیصد پٹرولیم مصنوعات مشرق وسطیٰ سے درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی منڈی میں ہونے والا اتار چڑھاؤ براہ راست مقامی قیمتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔