اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے فوری بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں پرانے کرایوں پر کام کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے پاس کرایوں میں اضافے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔ ملک شہزاد اعوان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر قیمتوں میں اضافہ حکومت کی “مجبوری” ہے تو ٹول ٹیکس سمیت تمام اضافی ٹیکسز فوری طور پر ختم کیے جائیں۔ انہوں نے موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے لگائے جانے والے تمام چالان بھی بند کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ٹرانسپورٹرز پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔
ٹرانسپورٹ رہنما نے خبردار کیا کہ اگر حکومت ان مطالبات پر توجہ نہ دی تو مہنگائی کا یہ بوجھ براہ راست عوام تک منتقل ہو جائے گا کیونکہ مال برداری مہنگی ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ یقینی ہے۔