امریکی نائب صدر اسلام آباد پہنچ گئے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے استقبال کیا

JD Vance JD Vance

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ایران کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات میں شرکت کے لیے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان فضائی اڈے پر امریکی نائب صدر کا استقبال پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔ ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر کے طیارے نے پاکستان پہنچنے کے لیے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کی فضائی حدود استعمال کرنے کے بجائے طویل راستہ اختیار کیا۔ میری لینڈ سے روانگی کے بعد طیارہ پیرس میں تقریباً ڈھائی گھنٹے کے قیام کے بعد دوبارہ روانہ ہوا۔ پرواز پاکستانی وقت کے مطابق صبح تین بجے پیرس سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی اور افغانستان کی فضائی حدود سے بھی گریز کیا گیا۔ طیارہ جارجیا، آذربائیجان، ترکمانستان اور تاجکستان کے راستے پاکستان پہنچا اور چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔

امریکی نائب صدر کا خصوصی طیارہ صبح 10 بج کر 33 منٹ پر نور خان فضائی اڈے پر اترا۔ مذاکرات کے لیے آنے والے امریکی وفد میں جے ڈی وینس کے علاوہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا کہ انہیں امید ہے مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نیک نیتی کا مظاہرہ کرے تو امریکا بھی تیار ہے، تاہم کسی بھی چالاکی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران کا اعلیٰ سطحی وفد بھی گزشتہ شب اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی وفد کا حصہ ہیں۔