وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر کی ملاقات

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

اسلام آباد (صداۓ روس)

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں امریکی وفد کی جانب سے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شریک تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی اس ملاقات کی تصدیق کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے وفود کی جانب سے مذاکرات میں تعمیری اور مثبت انداز اپنانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہو سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔