اسلام آباد میں روسی فلم کی نمائش، پاکستان اور روس کے ثقافتی تعلقات کو فروغ

اسلام آباد ( یوسف ہمدانی )

اسلام آباد میں روسی فیڈریشن کے سفارت خانے نے جمعرات 16 اپریل کو معروف روسی فلم “Assa” (1987) کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب ممتاز روسی اداکار اور ہدایتکار اسٹینسلاو گوورخن کی 90ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔

تقریب میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی جن میں چیئرمین یوریشین پیپلز فرینڈشپ فورم پاکستان، ڈاکٹر ثاقب خان بھی شامل تھے، جو اپنے دوستوں اور فورم کے اراکین کے ہمراہ شریک ہوئے۔ ڈاکٹر ثاقب خان اور ان کے وفد کو دی گئی دعوت پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔

فلم کی نمائش میں سفارتی حلقوں، ثقافتی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلم اور فنون لطیفہ بین الثقافتی ہم آہنگی اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر ثاقب خان نے روسی سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر سفارت خانے کی جانب سے روایتی چائے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں شرکاء کو باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملا۔

اس طرح کی ثقافتی سرگرمیاں پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور مستقبل میں مزید تعاون کی راہیں ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں-