ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عہدۂ صدارت دنیا کے خطرناک ترین پیشوں میں شامل ہے، جہاں ہر وقت مختلف نوعیت کے خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں صرف سیاسی بنیادوں پر ہونے والے حملوں ہی نہیں بلکہ ہر قسم کے تشدد پر تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدارت کے عہدے سے وابستہ خطرات کا موازنہ ریسنگ کار ڈرائیونگ اور بیل سواری جیسے انتہائی خطرناک پیشوں سے کیا جا سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اب تک تقریباً 5.8 فیصد امریکی صدور فائرنگ جیسے واقعات کا نشانہ بن چکے ہیں، جو اس عہدے کی حساسیت اور خطرناک نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی اور پیشے کو صدارت سے زیادہ خطرناک تصور نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور کمانڈر ان چیف انسان کو بڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں اور کئی مواقع پر خطرات بھی مول لینا پڑتے ہیں، جو اس عہدے کو مزید پیچیدہ اور حساس بنا دیتا ہے۔