ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ امریکا اب ایسا اتحادی نہیں رہا جس پر مکمل اعتماد کیا جا سکے، جس کے باعث عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ایک غیر رسمی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میکرون نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بڑی طاقت امریکا بعض ممالک کے لیے اتحادی تو ہے، لیکن اس اتحاد کی پائیداری پر اب مکمل یقین نہیں رہا۔ ان کے مطابق یہی صورتحال یورپی یونین کو ایک نسبتاً مستحکم متبادل کے طور پر پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک واضح عالمی نظام موجود تھا، تاہم اب بڑی طاقتوں کے رویوں کے باعث وہ نظام خطرے میں پڑ چکا ہے۔ ان کا اشارہ بدلتے عالمی توازنِ طاقت اور جاری تنازعات کی جانب تھا۔
مبصرین کے مطابق یورپ اور امریکا کے درمیان اختلافات میں حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا ہے، خصوصاً ایران جنگ، یوکرین تنازع اور دفاعی ذمہ داریوں کی تقسیم جیسے معاملات پر دونوں جانب مختلف مؤقف سامنے آئے ہیں۔
ادھر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے اتحادیوں پر بوجھ منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ مغربی دنیا کے اندرونی اختلافات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔