ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس یوریشیائی براعظم کا ایک لازمی حصہ ہے، اس لیے اسے یورپ کے لیے “سب سے بڑا خطرہ” قرار دینا درست نہیں۔
روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیسکوف نے کہا کہ چاہے کوئی کچھ بھی کہے، روس اب بھی یورپ کا ایک اہم حصہ ہے، جبکہ وہ ایک یوریشیائی ریاست بھی ہے۔ ان کے مطابق روس کو یورپ کے خلاف بنیادی خطرہ قرار دینا حقیقت پسندانہ مؤقف نہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ یورپ اور روس کے تعلقات جغرافیہ، تاریخ، معیشت اور سلامتی کے تناظر میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے تصادم کے بجائے تعاون کا راستہ زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور یورپی ممالک کے درمیان یوکرین تنازع، پابندیوں اور سلامتی کے معاملات پر کشیدگی برقرار ہے۔