ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت اور روس نے تقریباً 2 ارب ڈالر کی لاگت سے یوریا پیداوار کا مشترکہ منصوبہ شروع کرنے کی تیاری کر لی ہے، جس کے تحت روس میں ایک بڑی فیکٹری قائم کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ روسی کمپنی یورالکیم اور بھارتی اداروں انڈین پوٹاش، راشٹریہ کیمیکلز اینڈ فرٹیلائزرز اور نیشنل فرٹیلائزرز کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔ مجوزہ پلانٹ روس کے شہر تولیاتی میں قائم ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئی فیکٹری آئندہ دو برس میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ اس کی سالانہ پیداوار 20 لاکھ ٹن یوریا ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ بھارت کے لیے یوریا کی مستقل اور محفوظ فراہمی یقینی بنانے میں مدد دے گا۔
بھارت اس وقت دنیا کا سب سے بڑا یوریا درآمد کرنے والا ملک ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی سپلائی مسائل کے باعث نئی دہلی متبادل ذرائع تلاش کر رہا ہے۔ اسی تناظر میں روس، بیلاروس اور مراکش سے کھاد کی درآمدات بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق روس-بھارت یوریا منصوبہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور زرعی شعبے میں بھارت کو طویل مدتی استحکام فراہم کرے گا۔