ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے کہا ہے کہ شہید رہبر آیت اللہ خامنہ ای ہمیشہ شہادت کے منتظر رہے اور وہ شہادت کو اپنے لیے باعثِ فخر سمجھتے تھے۔ اپنے بیان میں کاظم جلالی نے کہا کہ اگر آیت اللہ خامنہ ای کے خطابات اور بیانات کا جائزہ لیا جائے تو ان میں شہادت کا ذکر بارہا ملتا ہے، جس سے ان کے نظریاتی عزم اور روحانی وابستگی کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخصیت کی جانب سے اس نوعیت کے خیالات محض رسمی یا زبانی دعوے نہیں ہوتے، بلکہ یہ ایک گہری فکری وابستگی کی علامت ہوتے ہیں۔ ایرانی سفیر کے مطابق بعض لوگ شہادت کی بات تو کرتے ہیں، لیکن جب عملی آزمائش کا وقت آتا ہے تو خوفزدہ ہو جاتے ہیں، تاہم آیت اللہ خامنہ ای نے شہادت کو اپنے لیے رحمت سمجھا اور اسے خوش دلی سے قبول کیا۔ کاظم جلالی نے کہا کہ ایران کے شہید رہنما کی زندگی استقامت، نظریاتی وابستگی اور قربانی کی علامت تھی، جسے ایرانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔