دنیا میں امن، استحکام اور “جیو اور جینے دو” کا پیغام دے رہے ہیں، رانا مبشر اقبال

قازان / اشتیاق ہمدانی

روس کے شہر قازان میں جاری بین الاقوامی اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی سرگرمیوں کے دوران وزیر برائے تعلقاتِ عامہ رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن، بھائی چارے، ثقافتی ہم آہنگی اور مثبت سفارتی تعلقات کے فروغ کا داعی رہا ہے، جبکہ موجودہ حکومت بھی دنیا میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے پیغام کو فروغ دینے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ بین الاقوامی فورمز اور ثقافتی تقریبات کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا مبشر اقبال نے حکومتِ تاتارستان، فورم انتظامیہ اور میزبان شخصیات کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مختلف ممالک کے وفود کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا، جہاں تعلیم، ثقافت، تجارت، انڈسٹری، سفارتکاری اور کمیونٹی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد کی مختلف ممالک کے نمائندوں، سفارتکاروں، کاروباری شخصیات، پاکستانی کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دوطرفہ تعاون، امن، ترقی، ثقافتی روابط اور معاشی اشتراک کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

رانا مبشر اقبال نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ دنیا میں امن، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا آیا ہے اور یہی پیغام آج بھی پاکستان کی خارجہ اور سفارتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اگر دنیا میں امن ہوگا تو ہر شعبے میں ترقی ممکن ہوگی۔ جنگیں اور کشیدگیاں نہ صرف معیشت بلکہ انسانی ترقی کو بھی متاثر کرتی ہیں، اسی لیے پاکستان ہمیشہ مذاکرات، تعاون اور امن کی حمایت کرتا ہے۔”

انہوں نے پاکستان اور تاتارستان کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تاتارستان کے رئیس رستم منی خانوو اُس وقت لاہور آئے تھے جب میاں شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے، جبکہ میاں شہباز شریف نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے تاتارستان کا دورہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستانہ تعلقات پاکستان اور تاتارستان کے درمیان گرمجوشی، اعتماد اور باہمی احترام کی روشن مثال ہیں۔

رانا مبشر اقبال نے روسی جمہوریہ تاتارستان کے رئیس رستم منی خانوو اور دیگر میزبان شخصیات کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ دوستانہ ماحول، بین الاقوامی بھائی چارے اور مختلف اقوام کے درمیان تعاون کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی روس اور تاتارستان کے ساتھ ثقافت، تجارت، انڈسٹری، تعلیم اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس بین الاقوامی پروگرام میں 35 وفود نے شرکت کی، جن میں پاکستان کا وفد سب سے بڑا وفد تھا، جو پاکستان کی اس فورم میں خصوصی دلچسپی اور بین الاقوامی تعاون کے عزم کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق پاکستان مسلسل ایسے عالمی فورمز میں شرکت کر رہا ہے تاکہ مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

وزیر برائے تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں حکومت پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور “جیو اور جینے دو” کے اصول کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا جا رہا ہے اور پوری دنیا کی نظریں اسلام آباد کی جانب ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مبشر اقبال نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے بروقت اور دانشمندانہ اقدامات کے ذریعے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں لاکھوں انسانی جانیں محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ آنے والا وقت پاکستان، روس، تاتارستان اور دیگر دوست ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا اور دنیا میں امن، بھائی چارے، سفارتی تعاون اور معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا گے۔