بلوچستان کے سرکاری فارم سے 400 سے زائد نایاب قرہ قل بھیڑیں چوری

Eid Al-Adha Karakul sheep Eid Al-Adha Karakul sheep

اسلام آباد (صداۓ روس)

بلوچستان کے ضلع پشین کے سرحدی علاقے میں محکمہ لائیو سٹاک کے سرکاری فارم سے 400 سے زائد نایاب نسل کی بھیڑیں چھین لیے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ مسلخ فارم میں قائم اس فارم پر قرہ قل نسل کی بھیڑوں کی افزائش کی جاتی تھی جن کی کھالوں سے مشہور قرہ قلی ٹوپیاں اور جناح کیپس بنائی جاتی ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق چھ مسلح افراد 16 مئی کو موٹر سائیکلوں پر فارم پر پہنچے۔ انہوں نے فارم پر موجود محکمہ کے دو ملازمین کو یرغمال بنایا اور پھر 406 بھیڑیں ہانکتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مسلح افراد یرغمال ملازمین سمیت کوئٹہ کے علاقے پنجپائی تک گئے جہاں انہوں نے دونوں ملازمین کو چھوڑ دیا اور بھیڑوں کو غوغاڑ کے پہاڑی علاقے کی جانب لے گئے۔

Eid Al-Adha Karakul sheep

بی بی سی کے مطابق یہ بلوچستان میں کسی سرکاری فارم سے اتنی بڑی تعداد میں بھیڑوں کی چوری کا پہلا واقعہ بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کی ایف آئی آر محکمہ لائیو سٹاک کے سٹاک اسسٹنٹ عبدالمنان کی مدعیت میں تھانہ سلطان پشین میں درج کرائی گئی ہے۔ ایف آئی آر تعزیرات پاکستان کی دفعات 365 اور 397 کے تحت درج کی گئی ہے۔
بلوچستان کے محکمہ لائیو سٹاک کے وزیر میر فیصل خان جمالی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔