اسلام آباد (صداۓ روس)
پشاور کے علاقے تاج آباد میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایک ہاسٹل پر چھاپہ مار کر جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے والے 14 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے جعلی شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ایجنٹس کو 25 سے 28 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ گرفتار افراد جعلی پاکستانی شہریت حاصل کر کے سعودی عرب جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
ملزمان سے جعلی پاکستانی پاسپورٹس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس واردات میں ایک منظم بین الاقوامی نیٹ ورک ملوث ہے جو پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک میں فعال ہے۔
ایف آئی اے نے اس کیس میں نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔