اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے یو این امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو پیغام دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے مرد و خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن امن محافظین کی گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کے لیے مخصوص ہے۔ اس سال اس دن کا موضوع “امن میں سرمایہ کاری” رکھا گیا ہے، جو دنیا بھر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سیاسی عزم اور مالی معاونت کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 20 لاکھ سے زائد مرد و خواتین اقوام متحدہ کے 70 سے زیادہ امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پاکستان یو این امن مشنز میں سب سے طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی دستے دینے والے ممالک عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ 1960ء سے اب تک پاکستان نے 48 سے زائد یو این امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ اہلکار بھیجے ہیں جن میں 500 سے زائد خواتین امن محافظین بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی فخر کی بات ہے کہ پاکستان آج اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پانچواں بڑا حصہ دار ملک ہے۔ 4 ہزار 400 سے زائد پاکستانی امن محافظین دورانِ ڈیوٹی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں جن میں 181 سے زائد شہید بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے تمام شہداء اور بہادر بیٹوں اور بیٹیوں پر فخر کا اظہار کیا۔