بجلی مزید مہنگی، فی یونٹ ایک روپے 19 پیسے اضافہ

electric pole electric pole

اسلام آباد (صداۓ روس)

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 19 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ اپریل 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ اضافی نرخوں کا اطلاق ملک بھر کے صارفین کے ساتھ ساتھ کے-الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں ہونے والے اضافے کی وصولی جون 2026 کے بجلی کے بلوں میں کی جائے گی، جس کے باعث صارفین پر مزید مالی بوجھ پڑے گا۔

واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے سماعت کے بعد ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔

توانائی ماہرین کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کا مقصد بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے ایندھن کی لاگت میں ہونے والی تبدیلیوں کو صارفین تک منتقل کرنا ہوتا ہے۔