اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومتِ پاکستان نے آئندہ ایک ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے، تاہم عوام نے اس کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 4 روپے فی لیٹر کم ہونے کے بعد 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہو چکا ہے۔ حکومتی اعلان کے بعد مختلف شہروں میں شہریوں نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کے مقابلے میں مقامی سطح پر کمی بہت کم ہے۔ عوام کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے دوران اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ، بجلی اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، لیکن اب قیمتوں میں معمولی کمی کے باوجود مہنگائی کی شرح میں کوئی خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف چند روپے کی کمی عام آدمی کو حقیقی ریلیف فراہم نہیں کر سکتی اور حکومت کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا فائدہ مکمل طور پر عوام تک پہنچانا چاہیے۔ معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر عام طور پر ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے، تاہم اس کے لیے مناسب نگرانی اور مؤثر عمل درآمد ضروری ہوتا ہے۔