لاہور (صدائے روس)
پنجاب حکومت نے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ سروسز پر مفت سفر کی سہولت ختم کر دی ہے، جس کے بعد مسافروں سے دوبارہ باقاعدہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے انچارج عزیر شاہ کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین، لاہور میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس پر مفت سفر کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرایوں کا دوبارہ اطلاق لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والی تمام ماس ٹرانزٹ سروسز پر ہوگا۔ عزیر شاہ کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ٹرانسپورٹ کو عارضی طور پر شہریوں کے لیے مفت کیا گیا تھا، تاہم اب یہ سہولت واپس لے لی گئی ہے اور مسافروں کو مقررہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کی سہولت متعارف کرائی تھی۔ اب اس فیصلے کو واپس لیتے ہوئے ٹرانسپورٹ سروسز پر معمول کے کرایے بحال کر دیے گئے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مفت سفر کی سہولت ختم ہونے سے روزانہ سفر کرنے والے طلبہ، ملازمین اور کم آمدنی والے افراد کے اخراجات میں اضافہ ہوگا، جبکہ حکام کے مطابق کرایوں کی بحالی ٹرانسپورٹ نظام کے مالی استحکام کے لیے ضروری ہے۔