ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
یمن کی حوثی باغی تحریک انصار اللہ نے سعودی سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو کی تنصیبات اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ باغیوں کے زیرِ کنٹرول نیوز ایجنسی سبا نے یہ اطلاع باغیوں کے ایک بیان کے حوالے سے دی۔ جاری بیان میں کہا گیا یمنی مسلح افواج (جیسا کہ حوثی خود کو کہتے ہیں) نے ایک فوجی کارروائی کی، جس کے دوران انہوں نے ظہران اور مشرقی صوبے میں سعودی آرامکو کی تنصیبات، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض میں سعودی آرامکو کی ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا۔” باغیوں نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں “بڑی تعداد میں بیلسٹک اور کروز میزائل کے ساتھ ڈرون بھی شامل” تھے۔ حوثیوں نے سعودی عرب میں ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات پر حملے جاری رکھنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کمپنیوں، عام شہریوں اور عملے سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان تنصیبات سے نکل جائیں، اور انہیں “جائز ہدف” قرار دیا۔ باغیوں نے کہا کہ ان کے اقدامات صنعا اور یمن کے دیگر صوبوں پر عرب اتحاد کے فضائی حملوں کا جواب ہیں۔