اسلام آباد (صداۓ روس)
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے پاکستان کے ضلع چکوال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے، جس میں 9 سالہ آسٹریلوی نژاد پاکستانی بچی ہانیہ احمد جاں بحق ہوئی تھی، کی مکمل، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینبرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انتھونی البانیز نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ متاثرہ خاندان اور عوام کو حقائق سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تحقیقات غیر جانبدار انداز میں کی جائیں گی اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے گا۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور اس حوالے سے مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شفاف تحقیقات ہی متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی اور حقائق کو سامنے لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
انتھونی البانیز نے مزید بتایا کہ آسٹریلوی حکومت متاثرہ خاندان کو قونصلر معاونت فراہم کر رہی ہے اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ان کے مطابق آسٹریلیا اپنے شہریوں کے تحفظ اور ان سے متعلق معاملات پر پوری توجہ دیتا ہے۔
واضح رہے کہ چکوال میں پیش آنے والے اس واقعے میں ایک اوورسیز پاکستانی خاندان کی گاڑی پر مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ ہانیہ احمد جاں بحق جبکہ ان کے والد اور بھائی زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا دونوں میں شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ حکام کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔