اسلام آباد (صداۓ روس)
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبے میں بارشوں، آندھی اور فلش فلڈ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان حادثات میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے۔ تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 41 گھروں کو نقصان پہنچا۔ خیبر، دیر لوئر، مردان، شانگلہ، باجوڑ، چترال لوئر اور دیر اپر میں یہ حادثات پیش آئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔