ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
برطانیہ کے تین بڑے ایئرپورٹس — مانچسٹر، ایسٹ مڈلینڈز اور لندن اسٹینسٹڈ — سائبر حملے کی زد میں آ گئے، جس کے نتیجے میں تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا ہیکرز تک پہنچ گیا۔ ان ایئرپورٹس کی مالک کمپنی مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ نے بتایا کہ حملے کے دوران صارفین کی رابطے کی تفصیلات، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور پوسٹ کوڈز تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی۔
کمپنی نے تصدیق کی کہ ہیکرز نے ڈیٹا واپس کرنے کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا، تاہم کمپنی نے رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ ہیکرز کی جانب سے مانگی گئی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔ کمپنی کے مطابق حملے کے باوجود مسافروں کی حفاظت یا ایوی ایشن سیکیورٹی متاثر نہیں ہوئی اور جس سسٹم تک رسائی حاصل کی گئی، اس میں صارفین کے بینک اکاؤنٹس یا ادائیگی سے متعلق معلومات موجود نہیں تھیں۔
مجموعی طور پر تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ ہیکرز کے ہاتھ لگنے والے ڈیٹا کا بڑا حصہ صرف ان ای میل ایڈریسز پر مشتمل تھا جو مسافروں نے ایئرپورٹ ٹرمینلز پر مفت وائی فائی استعمال کرنے کے لیے رجسٹر کیے تھے۔