تھائی لینڈ میں طوفانی بارشیں، بنکاک آفت زدہ قرار

Flood Flood

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں طوفانی بارشوں کے بعد شدید سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ حکام نے شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق بنکاک کی متعدد سڑکیں سیلابی پانی میں ڈوب گئی ہیں اور بعض علاقوں میں کمر تک پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر کشتیاں چلتی نظر آئیں جبکہ سیلاب کے باعث ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے مزید 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ تھائی محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ بنکاک میں گزشتہ دو روز کے دوران 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد حکام نے گزشتہ روز شہر کو آفت زدہ قرار دیا تھا۔