ماسکو (صداۓ روس)
روس نے خبردار کیا ہے کہ کلینن گراڈ کو روس کے دیگر علاقوں سے الگ تھلگ کرنے کی کسی بھی کوشش سے نیٹو کے ساتھ براہِ راست فوجی تصادم کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ بیلجیم میں روسی سفارتخانے نے کہا ہے کہ نیٹو کی قیادت اور رکن ممالک کی جانب سے روس کے بالٹک خطے میں واقع کلینن گراڈ کے حوالے سے اختیار کی جانے والی پالیسی غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس سے روس کے ساتھ براہِ راست فوجی محاذ آرائی کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے۔
روسی سفارتخانے کے مطابق اس معاملے پر روس کے مؤقف سے نیٹو کے بین الاقوامی سیکریٹریٹ اور بیلجیم کی وزارت خارجہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ روسی سفارتکاروں نے کہا کہ روس ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری وسائل رکھتا ہے اور اگر نیٹو ممالک نے کلینن گراڈ کو روس کے باقی حصوں سے الگ کرنے کی کوشش کی تو ماسکو اپنے دستیاب تمام ہتھیار استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔ روسی سفارتخانے نے نیٹو کے رکن ممالک پر زور دیا کہ بڑے پیمانے پر محاذ آرائی سے بچنے کے لیے اشتعال انگیز بیانات اور کشیدگی میں اضافے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔