کئی سال تک میزائل حملے جاری رکھنے کے لیے ذخائر موجود ہیں، پاسداران انقلاب

Iran missile Iran missile

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے کمانڈر کے مشیر علی بلالی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس اتنے میزائل موجود ہیں کہ وہ موجودہ رفتار سے کئی سال تک میزائل حملے جاری رکھ سکتا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق علی بلالی نے کہا کہ ایران دشمن کو سبق سکھانے کے لیے جتنے میزائل ضروری ہوں گے، اتنے داغے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملوں کا جواب نہ دینے کا دور ختم ہوچکا ہے۔ دریں اثنا، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی عوام کے نام ایک کھلا خط بھی جاری کیا ہے، جس میں انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو اقتدار سے ہٹانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکا باہمی تعاون اور پُرامن طریقے سے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتِ حال کے ذمے دار قرار دیے گئے ’’دھوکے باز اور پُرتشدد‘‘ امریکی سیاست دانوں کو اقتدار سے ہٹائیں۔

خط کے مطابق امریکی عوام اپنے معاملات چالاک اور عیار افراد کے بجائے دانا لوگوں کے سپرد کریں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ پاسدارانِ انقلاب نے امریکی عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ فلسطین پر قبضہ کرنے والوں کو اپنی حکومت سے دور رکھی.