امریکہ کا یورپ کو ڈیزل برآمدات بند کرنے کی دھمکی

Petrol pump Petrol pump

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ فرانس اور جرمنی پر عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کو کم کرنے میں مدد کے لیے اپنے ہنگامی ڈیزل ذخائر استعمال کرنے کا دباؤ ڈال رہا ہے، اور انکار کی صورت میں انہیں ایندھن برآمد نہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ واشنگٹن چاہتا ہے کہ یورپی یونین اگلے چھ ماہ میں 12 کروڑ بیرل جاری کرے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل گھریلو ایندھن لاگت کم کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ اور یورپی یونین دونوں میں ڈیزل کی قیمتیں ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ امریکی توانائی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق ستمبر کے تیسرے ہفتے میں امریکی اوسط قیمت 6.50 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی، جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 2.60 ڈالر زیادہ ہے، جبکہ یورپی کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین میں قیمت بڑھ کر 2.23 یورو فی لیٹر ہو گئی۔

امریکہ میں ایندھن کا بحران خاص طور پر ٹیکساس میں شدید ہو گیا ہے، جہاں گورنر گریگ ایبٹ نے ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں اور سپلائی میں خلل کے باعث اتوار کو ریاستی سطح پر ایمرجنسی کا اعلان کیا۔ بعض پیٹرول اسٹیشنز پر ڈیزل ختم ہو گیا، جبکہ سپلائی کی قلت نے دیگر اسٹیشنز کو ایندھن کی راشن بندی یا قیمتیں بڑھانے پر مجبور کر دیا۔

اس حکم نامے نے عارضی طور پر ایندھن اور ٹرکنگ پر پابندیوں میں نرمی کی، بشمول عوامی سڑکوں پر بغیر ٹیکس والے رنگدار ڈیزل کے وسیع تر استعمال کی اجازت۔ امریکہ-اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ نے آبنائے ہرمز کے ذریعے مشرق وسطیٰ کی سپلائی میں خلل ڈالا ہے، جبکہ دنیا کے سب سے بڑے ڈیزل برآمد کنندگان میں سے ایک روس نے یوکرینی ڈرون حملوں سے اپنی ریفائنریوں کو نقصان پہنچنے کے بعد گھریلو سپلائی کے تحفظ کے لیے ترسیلات محدود کر دی ہیں۔ چین نے بھی گھریلو ذخائر مضبوط بنانے کے لیے اکتوبر کی ایندھن برآمدات معطل کر دی ہیں۔