ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ ایران اور یوکرین سے متعلق جنگیں جلد مذاکرات کے ذریعے ختم کر دی جائیں گی یا ان میں فتح حاصل کر لی جائے گی۔ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور یوکرین کے تنازعات کو جلد حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کر لیا گیا ہے، اب ان جنگوں کو ختم کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ دوسری جانب ایوانِ روسی صدر کرملین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران تنازع کے حل کی کوششوں میں روس کی شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔
کرملین کے مطابق صدر پوتن اور صدر ٹرمپ کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے یوکرین تنازع کے حل پر خصوصی گفتگو کی۔ صدر پوتن نے ٹرمپ کو بتایا کہ روس امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے وقت پر غور کرے گا۔
دونوں صدور نومبر میں چین میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔
ادھر یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ دو مضبوط شراکت داروں کے درمیان ڈیزل کا معاہدہ ایک کمزور اقدام ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اس معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور امریکا مضبوط شراکت دار ہیں، دنیا کو ڈیزل کی ضرورت ہے اور وہ اس معاہدے سے خوش ہیں۔