ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے ہر ممکنہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا اعلان کرتے ہوئے سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل کا امکان برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کبھی مذاکرات کی میز نہیں چھوڑی اور نہ ہی سفارت کاری کا دروازہ بند کیا ہے۔ اسماعیل بقائی کے مطابق ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکا یک طرفہ مطالبات پر اصرار کر رہا ہے، جن میں ایران سے مکمل طور پر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ بھی شامل ہے، تاہم کوئی بھی ایرانی یہ مطالبہ قبول نہیں کرے گا۔
ایرانی ترجمان نے یورپی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تنازع میں امریکا کا ساتھ دینے کے بجائے آزادانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آبی گزر گاہ محفوظ نہیں، کیونکہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے پورے خطے کو استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب تک یہ صورتِ حال برقرار رہتی ہے، ایران کو اپنی علاقائی سالمیت، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنا ہوں گے.