ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
فرانس میں بڑے سائبر حملے میں 2 کروڑ 20 لاکھ افراد کا ڈیٹا متاثر ہو گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 ملین افراد کا ذاتی ڈیٹا سائبر حملے کی زد میں آ گیا ہے۔ طبی مراکز اور لیبارٹریوں سے منسلک معلومات لیک ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کی نجی معلومات کے تحفظ پر تشویش بڑھ گئی ہے اور ڈیٹا چوری کے واقعے پر تحقیقات و سیکیورٹی جائزہ شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب یورپ میں سپر مارکیٹس کے فریج اور فریزرز پر سائبر حملوں کے بعد جرمنی کے انفارمیشن سیکیورٹی ادارے نے ڈنمارک کی کمپنی کے بعض صنعتی کولنگ آلات میں موجود سیکیورٹی خامیوں سے خبردار کر دیا۔رائٹرز کے مطابق جرمن ادارے نے جمعے کو جاری سیکیورٹی ہدایت میں کہا تھا کہ متاثرہ نظاموں کو ممکن ہو تو انٹرنیٹ سے منقطع کر دیا جائے، بصورت دیگر ان کے نیٹ ورک کنکشن کو وی پی این کے ذریعے محفوظ بنایا جائے۔
گزشتہ ہفتے یورپ کے مختلف ممالک میں سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن نظاموں کو ہیکنگ حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ سویڈن سے بیلجیم تک اسٹورز کے فریج اور فریزرز متاثر ہوئے جس کے باعث دکانوں کو بڑی مقدار میں خوراک ضائع کرنا پڑی۔یہ واقعہ گزشتہ ماہ فرانس میں پیش آنے والے اسی نوعیت کے سائبر حملے سے مماثلت رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ ریفریجریشن یونٹس میں سے بعض ڈنمارک کی کمپنی کی تیار کردہ درجہ حرارت کنٹرول کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال کر رہے تھے جسے فرانس میں ہونے والے حملے میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔