ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت اور یورپی یونین اگلے ماہ وزیر اعظم نریندر مودی کے برسلز کے دورے کے دوران آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر سکتے ہیں، جسے مدر آف آل ڈیلز قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارت میں یورپی یونین کے سفیر ژان ایرک پاکے نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ایف ٹی اے پر دسمبر میں دستخط متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیع توقع یہ ہے کہ دسمبر میں ہمارے پاس دستخط کے لیے ایک معاہدہ ہوگا اور اسی موقع پر ہم اعلیٰ سطحی دورے کے یورپ آنے کی امید بھی رکھتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق مودی 17 دسمبر کو یورپی رہنماؤں کے اجلاس سے قبل برسلز کا دورہ کریں گے۔ جنوری میں بھارت اور 27 ملکی بلاک نے نئی دہلی میں سربراہی اجلاس میں تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا، جہاں یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے اس معاہدے کو مدر آف آل ڈیلز قرار دیا تھا۔ یہ مذاکرات دو دہائیوں تک جاری رہے۔
ستمبر میں کمیشن نے یورپی یونین کی کونسل کو تجاویز پیش کیں، جن میں ایف ٹی اے پر دستخط کی اجازت، حتمی قانونی متن اور ٹیرف شیڈول شامل تھے۔ دستخط کے بعد معاہدہ جنوری تک فعال ہونے کی توقع ہے۔ بھارت یورپی یونین ایف ٹی اے سے دنیا کی چوتھی بڑی معیشت اور دوسرے بڑے اقتصادی بلاک میں تقریباً 2 ارب افراد کی منڈی بننے کی توقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس میں تجارتی بلاک کو بھارتی ترسیلات کے 93 فیصد تک ڈیوٹی فری رسائی کا تصور ہے، جبکہ یورپی یونین سے لگژری کاروں اور شراب کی درآمد سستی ہو جائے گی۔ یورپی یونین نے ایک بیان میں کہا کہ نئی دہلی کاروں پر ٹیرف کو 110 فیصد تک سے کم کر کے پانچ سال میں 10 فیصد تک لے آئے گا۔ تجارتی بلاک کی جانب سے تجارت کی جانے والی 99.5 فیصد اشیا پر ٹیرف سات سال میں کم کر دیا جائے گا۔
بھارتی وزیر تجارت پیوش گوئل نے جنوری میں کہا تھا کہ ایف ٹی اے سے بھارتی ریاستوں سے یورپی یونین کو برآمدات میں 76 ارب ڈالر تک اضافہ ہوگا۔ بھارت امریکہ کے ساتھ بھی اسی طرح کے معاہدے کے لیے بات چیت کر رہا ہے، جو مالی سال 2025-26 میں اس کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ نئی دہلی ایک درجن سے زائد ممالک اور تجارتی بلاکس کے ساتھ بھی ایف ٹی اے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔