ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
کرناٹک حکومت نے اسکولوں میں طالبات کو حجاب پہننے کی اجازت دے دی ہے۔ کانگریس حکومت نے 2022 میں بی جے پی دورِ حکومت میں جاری کیے گئے حجاب پابندی کے حکم کو واپس لے لیا ہے۔ تعلیم کے محکمے کی جانب سے تیار کیے جا رہے نئے مجوزہ قواعد کے تحت طلبہ و طالبات کلاسز اور امتحانات کے دوران لازمی یونیفارم کے ساتھ حجاب اور اسکارف پہن سکیں گے۔
یاد رہے کہ 2022 میں کچھ مسلم طالبات کے حجاب پہننے کے باعث کلاسز میں داخلے سے روکنے کے واقعات کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوا تھا۔ اس وقت بی جے پی حکومت نے حکم جاری کیا تھا کہ طلبہ صرف یونیفارم پہنیں۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے بھی حکومت کے اس حکم کو برقرار رکھا تھا اور قرار دیا تھا کہ حجاب اسلام میں لازمی مذہبی عمل نہیں ہے۔
کرناٹک حکومت کا کہنا ہے کہ نیا فیصلہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور مذہبی و ثقافتی آزادی کے درمیان توازن قائم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ تاہم سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ ایک بار پھر ریاست میں حجاب کے مسئلے پر سیاسی بحث کو تیز کر سکتا ہے۔