اسلام آباد (صداۓ روس)
محکمہ اینٹی کرپشن نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں مبینہ بڑی مالی بےضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے 12 افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق نجی کمپنی اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیو ایم سی) کے 12 افسران نے ملی بھگت سے قومی خزانے کو ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ تحقیقات میں ڈیجیٹل ریکارڈ میں ردوبدل، فراڈ اور جعلی اعداد و شمار کا سلسلہ سامنے آیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق کمپنی نے 2317 کوڑے کنٹینرز ظاہر کیے جبکہ فیلڈ میں صرف 1717 ہی موجود نکلے۔ اس کے علاوہ گھوسٹ سینٹری ورکرز کی جعلی حاضریوں سے بھی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ مہنگے منی ڈمپرز کی بجائے سستے لوڈر رکشوں کا استعمال کیا گیا اور صفائی آپریشن کے دوران کے پی آئی ڈیٹا میں ہیرا پھیری کی گئی۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ مشینری، عملے اور آپریشنل سرگرمیوں کی تعداد بڑھا چڑھا کر دکھائی گئی اور ڈیجیٹل پورٹل میں تبدیلیاں کر کے اضافی ادائیگیاں وصول کی گئیں۔ شہری اور دیہی علاقوں کے صفائی کنٹریکٹس میں بھی سنگین بےضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔