پاکستان نے امریکی ٹی وی کی ایرانی طیاروں سے متعلق رپورٹ مسترد کردی

Iranian jet F-5 Iranian jet F-5

اسلام آباد (صداۓ روس)

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق دعوے کیے گئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ان دعوؤں کو گمراہ کن اور سنسنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی قیاس آرائیاں علاقائی امن اور استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں ماضی کے مذاکراتی عمل کے ابتدائی مرحلے کے دوران ایران اور امریکا سے منسلک مختلف پروازیں پاکستان آئی تھیں، جن کا مقصد سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اہلکاروں کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرنا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض طیارے اور معاون عملہ عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہا، تاہم یہ کسی فوجی یا ہنگامی صورتحال سے متعلق نہیں تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حالیہ دور میں بھی ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے دوران اسی نوعیت کی لاجسٹک سہولت فراہم کی گئی۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ غیر جانبدار، ذمہ دار اور تعمیری سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔