صدر پوتن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 80ویں سالگرہ پر فون کر کے مبارکباد دی

Putin Trump Putin Trump

ماسکو (صداۓ روس)

روسی صدر صدر پوتن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انہیں ان کی 80ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ اس بات کی تصدیق کریملن کے معاون یوری اوشاکوف نے کی ہے۔ یوری اوشاکوف کے مطابق صدر پوتن نے نہ صرف فون پر مبارکباد دی بلکہ ایک خصوصی پیغام بھی ارسال کیا، جس میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انفرادی صلاحیتوں، قیادت اور سیاسی کامیابیوں کو سراہا۔ روسی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹرمپ کی غیر معمولی خصوصیات نے انہیں ایک کامیاب شخصیت اور سیاستدان کے طور پر نمایاں مقام دلایا ہے۔ کریملن کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر پوتن کی مبارکباد پر شکریہ ادا کیا اور اس بات کا خصوصی طور پر ذکر کیا کہ آج انہیں مبارکباد دینے والے پہلے غیر ملکی رہنما صدر پوتن تھے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر روسی ہم منصب کے گرمجوش پیغام سے خاصے متاثر ہوئے۔

یوری اوشاکوف نے واضح کیا کہ روس کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو کوئی تحفہ نہیں بھیجا گیا، تاہم مبارکبادی پیغام انتہائی دوستانہ اور دونوں صدور کے تعلقات کی نوعیت کی عکاسی کرتا تھا۔ یہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران صدر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلا ٹیلیفونک رابطہ تھا۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان 29 اپریل کو گفتگو ہوئی تھی، جس میں یوکرین میں یومِ فتح کے موقع پر جنگ بندی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔