روس یورپ کو گیس فروخت کرسکتا ہے، کریملن کا عندیہ

Gas Gas

ماسکو (صداۓ روس)

روس نے عندیہ دیا ہے کہ اگر متبادل منڈیوں کو فراہمی کے بعد گیس دستیاب رہی تو یورپی ممالک کو بھی برآمد کی جا سکتی ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ اس وقت روس کے پاس گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں اور اضافی مقدار بھی دستیاب ہے، تاہم دیگر عالمی منڈیاں بڑی تعداد میں سپلائی کی طلب کر رہی ہیں۔ دیمتری پیسکوف کے مطابق اگر متبادل مارکیٹس کی ضروریات پوری کرنے کے بعد گیس بچتی ہے تو یورپ کو فروخت کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس کے لیے توانائی کی برآمدات ایک عملی اور معاشی بنیادوں پر استوار پالیسی کا حصہ ہیں۔

کریملن کے ترجمان نے یورپی ممالک کی جانب سے روسی تیل اور گیس سے دستبرداری کے فیصلے کو موجودہ قیادت کی “کم نظری” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں کچھ سیاستدان ایسے بھی ہیں جو قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے روس کے ساتھ تعاون کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ تجارتی و اقتصادی شراکت داری سے خود کو محروم کرنا ایک غیر عملی فیصلہ ہو سکتا ہے، کیونکہ توانائی کے شعبے میں روس ایک اہم عالمی شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے۔