ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکا کی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنسی استحصال کے کیس میں سابق خاتون صحافی ای جین کیرول کے حق میں 50 لاکھ ڈالر کے ہرجانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے ٹرمپ کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرنے سے انکار کر دیا۔
یہ مقدمہ 9 مئی 2023 کو نیویارک کی وفاقی سول عدالت میں زیر بحث آیا تھا جب عدالت نے ٹرمپ کو 1996 میں ڈپارٹمنٹ اسٹور کے فٹنگ روم میں ای جین کیرول کے ساتھ جنسی زیادتی اور بعد میں ہتک عزت کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ جیوری نے ٹرمپ کو 20 لاکھ ڈالر جنسی زیادتی اور 30 لاکھ ڈالر ہتک عزت کے ازالے کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مقدمے کو جعلی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس مقدمے کے خلاف قانونی جنگ جاری رکھیں گے۔ ای جین کیرول کی وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اس بات کی حتمی توثیق ہے کہ جیوری نے متفقہ طور پر ٹرمپ کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اب ٹرمپ اپنے اقدامات کی قانونی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے۔