ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے خلیجِ عمان میں ایرانی جھنڈے والا ایک کارگو جہاز ضبط کر لیا ہے جو امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ٹرمپ نے Truth Social پر لکھا کہ “امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر USS Spruance نے خلیج عمان میں Touska جہاز کو روکا اور روکنے کا وارننگ دی۔”
انہوں نے کہا کہ ایرانی عملے نے حکم کی تعمیل سے انکار کر دیا، جس کے بعد امریکی بحریہ نے جہاز کے انجن روم میں سوراخ کر کے اسے روک لیا۔ ٹرمپ نے بتایا کہ یہ جہاز پہلے سے امریکی پابندیوں کا شکار تھا کیونکہ اس کی “غیر قانونی سرگرمیوں” کی تاریخ رہی ہے۔ یہ کارروائی پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے ناکام ہونے کے بعد کی گئی تھی۔ اس کے بعد ایران نے خبردار کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز “دشمن جہازوں” کے لیے بند کر دے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ناکہ بندی کو “غیر قانونی اور مجرمانہ” قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔