صدر ٹرمپ نے شاہی آداب توڑ دیے، کنگ چارلس سوم کے کندھے پر ہاتھ رکھ دیا

Trump Trump

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنگ چارلس سوم کے کندھے پر ہاتھ رکھ دیا، جس پر برطانوی میڈیا میں تبصرے شروع ہو گئے ہیں۔ ڈیلی میل کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کنگ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا اپنے سرکاری دورے کے پہلے روز وائٹ ہاؤس پہنچے، جہاں صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا۔ ویڈیو مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مصافحے اور سرکاری تصاویر کے بعد جب دونوں جوڑے وائٹ ہاؤس کی جانب بڑھ رہے تھے تو صدر ٹرمپ نے نرم انداز میں بادشاہ کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ شاہی روایات کے مطابق عام طور پر کسی بھی فرد کو شاہی خاندان کے رکن سے جسمانی رابطہ خود شروع نہیں کرنا چاہیے، اسی لیے اسے غیر رسمی پروٹوکول کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔

باڈی لینگویج ماہر جوڈی جیمز نے کہا کہ تکنیکی طور پر یہ شاہی آداب کے خلاف تھا، تاہم کنگ چارلس نے اس پر کسی ناگواری کا اظہار نہیں کیا۔ ان کے مطابق کنگ چارلس اپنی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کے مقابلے میں اس معاملے میں زیادہ نرم مزاج سمجھے جاتے ہیں۔ ماہرین نے اس حرکت کو سیاسی خیرسگالی کا اشارہ بھی قرار دیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی جھلک ملتی ہے۔