اسلام آباد (صداۓ روس)
انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) نے میٹرک سالانہ امتحانات 2025 کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں 5 لاکھ سے زائد طلبہ امتحانات میں ناکام رہے ہیں، جس سے تعلیمی معیار اور کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ناکامی کا تناسب پنجاب کے نو تعلیمی بورڈز میں ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 26 ہزار سے زائد طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 3 لاکھ 58 ہزار سے زیادہ طلبہ فیل ہو گئے۔ لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں 2 لاکھ 53 ہزار طلبہ نے امتحان دیا، جن میں سے 87 ہزار 419 طلبہ کامیاب نہ ہو سکے۔
خیبرپختونخوا میں آٹھ تعلیمی بورڈز کے تحت تقریباً 4 لاکھ 44 ہزار طلبہ نے امتحانات دیے، جن میں سے 80 ہزار 558 طلبہ ناکام رہے۔ سندھ میں نتائج نسبتاً بہتر رہے، جہاں چھ تعلیمی بورڈز کے تحت تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار طلبہ نے امتحان دیا اور ان میں سے تقریباً 51 ہزار ناکام قرار پائے۔ کوئٹہ کے بلوچستان بورڈ میں 78 ہزار 839 طلبہ نے امتحان دیا، جن میں 9 ہزار 797 طلبہ فیل ہوئے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ میں بھی نتائج نسبتاً بہتر رہے، جہاں مجموعی طور پر 1 لاکھ 37 ہزار طلبہ میں سے 15 ہزار 798 ناکام قرار پائے۔
رپورٹ کے بعد تعلیمی ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز میں بحث شروع ہو گئی ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی اصلاحات، سیکھنے کے معیار میں بہتری اور طلبہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔