ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
چین نے ایران کے تنازع پر اپنا واضح موقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہو سکتا۔ چین کے روس میں سفیر ژانگ ہانہوئی نے ٹاس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ایران کے گرد چھڑے تنازع میں کوئی فاتح نہیں ہے۔” انہوں نے بتایا کہ چین اور پاکستان نے مل کر پانچ نکاتی امن تجاویز پیش کی تھیں جن میں فوری طور پر فوجی کارروائیوں کا خاتمہ، امن مذاکرات کا آغاز، عام شہریوں اور بحری جہاز رانی کی حفاظت، اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی کردار کی تصدیق شامل تھی۔
سفیر نے کہا کہ ان تجاویز نے جنگ بندی اور دشمنی ختم کرنے کے عمل کو کافی حد تک تقویت دی۔
ژانگ ہانہوئی نے مزید بتایا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے حال ہی میں مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے چار اصول وضع کیے ہیں۔ ان اصولوں میں پرامن بقائے باہمی، ریاستوں کی خودمختاری کا احترام، بین الاقوامی قوانین کی پابندی، اور علاقائی ترقی و سلامتی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ سفیر کے مطابق یہ اصول موجودہ بحران سے نکلنے کا چینی نقطہ نظر پیش کرتے ہیں۔