اسلام آباد (صداۓ روس)
پیر چناسی کے پہاڑی علاقے سے ایک عقاب پکڑا گیا ہے جس کے جسم پر جدید سولر پاورڈ جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس نصب پائی گئی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق یہ عقاب معمولی شکاری پرندہ نہیں لگتا۔ اس پر نصب ڈیوائس جدید ٹیکنالوجی کی حامل بتائی جا رہی ہے، جس کے بعد پرندے کے ماخذ اور مقصد کا تعین کرنے کے لیے فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی ڈیوائسز عام طور پر پرندوں کی ہجرت، رویے اور ماحولیاتی تحقیق کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ محکمے نے مزید کہا ہے کہ عقاب کی نوعیت اور ڈیوائس کی تفصیلات جانچنے کے بعد ہی حتمی معلومات سامنے آ سکیں گی۔
ماہرین کے مطابق یہ ممکن ہے کہ عقاب کسی سائنسی پروجیکٹ یا ٹریکنگ تجربے کا حصہ ہو۔ تاہم، اس حوالے سے مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی جاری کی جائیں گی۔