امریکا میں ایف اے-18 ہارنیٹ لڑاکا طیارہ تباہ، پائلٹ محفوظ رہا

F-18 F-18

.ماسکو (صداۓ روس)

امریکی ریاست واشنگٹن میں امریکی میرین کور کا ایک ایف اے-18 ہارنیٹ لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹ محفوظ ہے اور اسے طبی معائنے کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم متعلقہ ادارے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فضائیہ کا ایک اے این-32 فوجی طیارہ بھی بھارتی ریاست آسام کے شہر جورہاٹ میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ حادثہ جورہاٹ ایئر فورس بیس پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ طیارے کا شریک پائلٹ زندہ بچ گیا تھا۔