ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا، جہاں مجموعی فضائی آلودگی کی سطح 210 ریکارڈ کی گئی ہے۔ فضائی معیار کے اعداد و شمار کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن کے اطراف میں آلودگی کی سطح 215، ماڈل ٹاؤن میں 210 جبکہ اے آر سی کے علاقے میں 201 ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح پیراگون میں فضائی آلودگی کی سطح 194، برکی روڈ پر 183، ڈی ایچ اے میں 177، بیدیاں روڈ کے قریب 176 جبکہ عسکری 10 میں 156 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ موجودہ موسمی صورتحال کے مطابق لاہور میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ نمی کا تناسب 66 فیصد ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ فضائی آلودگی کی سطح بلند ہونے کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، جبکہ حساس طبی حالات رکھنے والے افراد خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی سطح میں اتار چڑھاؤ کا انحصار موسمی حالات، ہوا کے رخ اور دیگر عوامل پر ہوتا ہے۔